اسلام آباد (خبر نگار، آئی این پی، شہنوا، نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 کرونا مریض جان کی بازی ہار گئے۔ کرونا وائرس کے مزید 1 ہزار 644 کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 3 ہزار 653 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔ پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 9 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں۔67 ہزار 658 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 386 کی حالت تشویش ناک ہے، 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید 49 ہزار 866 ٹیسٹ کئے گئے۔ دوسری طرف امریکہ کی جانب سے پاکستان کو کرونا سے بچائو کی ویکسین کا ایک اور عطیہ مل گیا۔ امریکی سفارتخانے کے مطابق امریکہ سے فائزر ویکسین کی مزید 47 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں۔ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو عطیہ کردہ ویکسین کی تعداد 5 کروڑ 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ امریکہ اب تک دنیا بھر میں کرونا ویکسین کی 45 کروڑ 30 لاکھ خوراکیں عطیہ کرچکا ہے۔ آئی این پی اور شنہوا کے مطابق دنیا بھرمیں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 42 کروڑ30 لاکھ 32 ہزار 160 ہوگئی۔ امریکہ 7 کروڑ84 لاکھ 57 ہزار 81 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے۔ جبکہ بھارت 4 کروڑ28 لاکھ 2 ہزار505 مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2 کروڑ 81 لاکھ 77 ہزار 367 مصدقہ کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ دریں اثناء وبا کے دوران اپنے محل تک محدود ہو جانے اور عوامی تقریبات میں شرکت نہ کرنے کے باوجود ملکہ برطانیہ کرونا وبا میں مبتلا ہوگئیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی شاہی محل سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ معمولی علامات ظاہر ہونے پر 95 سالہ ملکہ ایلزبتھ دوم کا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ برطانیہ میں معمولی نوعیت کی علامات ہیں جبکہ ان کی مجموعی صحت کافی بہتر ہے، معالجین ان کی دیکھ بحال کے لیے ہمہ وقت موجود ہیں۔ علاوہ ازیں دی گارجین نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکہ کو نوول کرونا وائرس عالمی وبا سے 10 لاکھ سے زائد اموات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ اموات بنیادی طور پر نوول کرونا وائرس کے ساتھ طبی دیکھ بھال میں تاخیر اور طبی نظام پر دبائہ کے سبب ہوئی ہیں۔ امریکہ کے امراض کی روک تھام اور تدارک مرکز کے مطابق نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز سے کم از کم 9 لاکھ 23 ہزار امریکی ہلاک ہوچکے ہیں۔
کرونا
لرونا 33اموات پھیلائو کم ملکہ برطانیہ پازیٹو امریکہ کو 10لاکھ ہلاکتوں کا سامنا
Feb 21, 2022