پی ایس ایل 7، پلے آف مرحلے کے لیے ٹیموں کی لائن اپ مکمل

Feb 21, 2022 | 12:17

ویب ڈیسک

 پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے کی لائن اپ مکمل ہوگئی۔ ملتان سلطانز ، لاہور قلندرز ،پشاور زلمی  اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوالیفائی کر لیا۔

پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کا ابھی ایک میچ باقی ہے لیکن پلے آف مرحلہ کھیلنے والی ٹیموں کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ پہلے مرحلے میں کارکردگی کی بنیاد پر ملتان سلطانز، لاہور قلندرز، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلےآف مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں جگہ نہیں بنا سکیں۔ملتان سلطانز کی ٹیم 10 میں سے 9 میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر ہے۔ ملتان کے 18 پوائنٹس ہیں۔ لاہور قلندرز نے 9 میں سے 6 میچ جیتے ہیں اور اس کے 12 پوائنٹس ہیں۔ تیسرے نمبر پر پشاور زلمی کی ٹیم ہے جس نے 9 میں سے 5 میچ جیتے ہیں اور اس کے 10 پوائنٹس ہیں۔ملتان سلطان اور لاہور قلندر کی ٹیمیں آج پہلے مرحلے کے آخری میچ میں مدمقابل ہوں گی۔ لاہور قلندرز کا نیٹ رن ریٹ 0.852 ہے جبکہ پشاور زلمی کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.381 ہے۔اس طرح دونوں ٹیموں کے رن ریٹ میں ایک پوائنٹ سے بھی زیادہ کا فرق بنتا ہے۔ پشاور زلمی کی جیت بھی اسے رن ریٹ کی بنیاد پر لاہور سے اوپر نہیں لا سکے گی۔ اس طرح لاہور کی ٹیم کا پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن برقرار رہنے کا امکان ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن اسلام آباد یونائیٹڈ کی ہے جس نے 10 میں سے 4 میچ جیتے اور اس کے 8 پوائنٹس ہیں۔

لاہور قلندرز کی دوسری پوزیشن برقرار رہی تو 23 فروری کو پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز کے ساتھ مدمقابل آئے گی۔ فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی جب کہ ہارنے والی ٹیم کے پاس ایک اور موقع ہو گا۔ایلیمینیٹر ون چوبیس فروری کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے کا امکان ہے۔ فاتح ٹیم فائنل تک رسائی کے لیے 25 فروری کو کوالیفائر ہارنے والی ٹیم کے مدمقابل ہو گی۔ پی ایس ایل کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں