وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنی ٹیم کو تلقین کی کہ ”گھبرانا نہیں”، آج اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ ”گھبرانا نہیں”، پاکستانی نوجوانوں نے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جو انقلاب آیا ہے اس سے استفادہ کرتے ہوئے نوجوان اور ملک خوشحالی اور ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو سکتے ہیں، حکومت ای۔تجارت کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کرے گی، رجسٹرڈ فری لانسرز کیلئے زیرو ٹیکس کر دیا ہے، آئندہ چند سالوں کے دوران آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات 50 ارب ڈالر تک بڑھائی جا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں قومی ای۔تجارت پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، وزیراعظم کے معاون خصوصی عون عباس بپی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میرے بارے میں یہاں بات کی گئی کہ میں نے سب سے زیادہ جملہ کونسا بولا ہے تو میں خود آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے سب سے زیادہ جو بات کہی وہ یہ ہے کہ ”گھبرانا نہیں”، ہم نے جب حکومت سنبھالی تو حالات بہت خراب تھے اور ملک دیوالیہ ہو چکا تھا، مجھے ٹیم کی فکر تھی کہ یہ گھبرا جائے گی، اس لئے میں نے انہیں تلقین کی کہ ”گھبرانا نہیں”، جب سب سے مشکل کرکٹ ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف ہم کھیلتے تھے تب بھی میں اپنی ٹیم کو یہی کہتا تھا اور آج میں اپوزیشن کو کہتا ہوں کہ ”گھبرانا نہیں”.