لاہو ر( آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔ ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے آڈیو لیک معاملے پر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف شیخ شاہد رانا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ عدلیہ کو سکینڈلائزڈ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، رانا ثنا اللہ نے لائیو پریس کانفرنس کر کے سابق وزیراعلی پرویز الٰہی اور صدر سپریم کورٹ بار کی آڈیو لیک کی، رانا ثنا اللہ نے آڈیو لیک کر کے عدلیہ کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ وکیل اور کلائنٹ کی پرائیویسی کو متاثر کر کے قانونی حلقوں کو ہیجان میں مبتلا کیا گیا، غیر آئینی اقدام کرنے اور عدلیہ کو سکینڈلائز کرنے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ سپریم کورٹ اس مسئلہ کو دیکھ رہی ہے، کیا اس کی فرانزک رپورٹ ساتھ لگائی ہے، آپ کا کیا تعلق ہے ،آپ پریشان نہ ہوں ہم اس کو سنبھال لیں گے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے استفسار کیا کہ وہ آڈیو کہاں ہے، کیا آپ نے درخواست کے ساتھ لف کی ہے؟۔عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔بعدازاں عدالت نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دیا۔
ہائیکورٹ نے رانا ثنا اللہ کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی
Feb 21, 2023