اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن کی عدالت میں زیر سماعت سابق وزیر اعظم عمران خان وغیرہ کے خلاف دو مقدمات سے دہشتگردی کی دفعات حذف کرتے ہوئے کیسز سماعت کیلئے ڈسٹرکٹ کورٹس کو بھجوا دیا۔ 2014ء میں دائر مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت نے شریک ملزم کی جانب سے مقدمات سے دہشتگردی دفعات ختم کرنے کی درخواست پر وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد دو مقدمات سے دہشتگردی دفعات حذف کرنے کا حکم سنا دیا اور مزید سماعت کیلئے دونوں مقدمات ڈسٹرکٹ کورٹس کو بھجوا دیے۔ عمران خان وغیرہ پر پی ٹی وی، پارلیمنٹ پر حملہ سے متعلق مقدمات درج کیے گئے تھے۔ توشہ خانہ فیصلے کیخلاف احتجاج پر عمران خان کی طرف سے دہشت گردی کی دفعات حزف کرنے کی درخواست آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں۔ رجسٹرار آفس نے بائیو میٹرک نہ ہونے اور ریکارڈ کی دستاویزات نہ ہونے پر اعتراض لگا دیا۔
عمران کیخلاف ٹی وی حملہ کیس میں دہشتگردی کی دفعات ختم ‘ توشہ خانہ میں آج سماعت
Feb 21, 2023