اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے دہشتگردی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور علی نواز اعوان سمیت 9 ملزمان کو آج طلب کر لیا۔ الیکشن کمشن کے عمران خان توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف لیڈروں کے احتجاج پر درج دہشت گردی دفعات کے معاملے پر انسداد دہشتگردی عدالت نے اسد عمر، علی نواز اعوان سمیت نو ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ تھانہ سنجانی میں درج مقدمے میں شریک ملزمان کو کل عدالت طلبی کے نوٹس جاری کیاگیا۔ انسداد دہشت گردی کے جج راجہ جواد عباس حسن کی جانب سے ایف آئی آر میں نامزد شریک ملزمان کو آج صبح نو بجے حاضری یقینی بنانے کا حکم دیاگیا ہے۔ اس سے قبل عمران خان کی اس کیس میں عبوری ضمانت خارج ہو چکی ہے۔