لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے پی ٹی آئی رہنمائوں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر اور فواد چودھری سمیت 70 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، سپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سے7 مارچ کو تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن بھی معطل کردیا ہے۔ قبل ازیں 8 فروری کو بھی لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے متعلقہ حلقوں میں ضمنی انتخابات تاحکم ثانی روک دئیے تھے۔ تحریک انصاف کے اراکین نے درخواستوں میں مو قف اختیار کیا تھا کہ استعفے واپس لینے کے بعد سپیکر کے پاس اختیار نہیں کہ وہ اسے منظور کریں۔ اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنا خلاف قانون اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ اراکین قومی اسمبلی کے استعفے عدالت عظمیٰ کے طے کردہ قوانین کے برعکس منظور کئے گئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے استعفے منظور کیے، سپیکر نے اراکین کو بلا کر مو قف نہیں پوچھا، عدالت سپیکر قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کی جانب سے استعفے منظور کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔
لاہور ہا ئیکورٹ نے پی ٹی آٗی پنجاب کے 70ایم این ایز کی رکنیت ختم کرنے کا نو ٹیفیکشن معطل کر دیا
Feb 21, 2023