اسلام آباد (خبر نگار خصوصی +اے پی پی) وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نیدرلینڈز کی کمپنیوں کو زراعت، باغبانی، پانی کے انتظام اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے نیدر لینڈز کی حکومت کی امداد اور بحالی و تعمیرنو کے فریم ورک کی تیاری میں ڈچ آبی ماہرین کے تعاون کو سراہا ہے۔ پیر کو وزیراعظم شہباز شریف اور نیدر لینڈز کے وزیراعظم مارک روٹے کے مابین ٹیلی فون پر بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے نیدر لینڈز کی حکومت کی امداد اور بحالی و تعمیر نو کے فریم ورک کی تیاری میں ڈچ آبی ماہرین کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کا بھی جائزہ لیا اور اس حوالہ سے اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے خلاف اجتماعی آواز اٹھائے اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لئے مل کر کام کرے۔ اس سال پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ دونوں وزرائے اعظم نے اس سنگ میل کو بھرپور طریقے سے منانے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کا سامنا ہے، موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی بدانتظامی کے مسائل کے علاوہ سیلاب جیسی قدرتی آفت کا مقابلہ کرنا پڑا ، غیر ضروری درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام مشکلات کے باوجود حکومت شبانہ روز محنت سے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معروف بین الاقوامی مالیاتی فرم روتھ چائلڈ اینڈ کمپنی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اور فوری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیرضروری درآمدات میں کمی اور بر آمدات میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کا بھی سامنا ہے۔ حکومتِ پاکستان نے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ متاثرینِ ترکیہ اور شام کیلئے ایس ایم ایس کے ذریعے عطیہ دینے کی سہولت کا اجراء کر دیا۔ پیر کو وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موبائل صارفین 9977 پر Fund لکھ کر ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے 10 روپے کا عطیہ دے سکتے ہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کلنکرجھیل ،عمرکوٹ میں کشتی الٹنے کے واقعہ پر گہرے افسوس اور رنج کا اظہارکیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعااور لواحقین سے تعزیت کا اظہارکیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کلر کہار میں مسافر بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت و ہمدردی کیا ہے۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت، اہل خانہ کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے نیدرلینڈ کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم سے سیلاب زدگان کیلئے نیدرلینڈ کے تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بڑھایا جائے گا۔ شہبازشریف نے کینیا کے صدر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، تعاون، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے کینیا کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور صحافی ارشد شریف کے قتل کا معاملہ بھی اٹھایا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مرحوم ارشد شریف کے کیس کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم نے کینیا کی جانب سے تحقیقات کے دوران مزید تعاون کی درخواست کی۔ کینیا کے صدر نے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔