لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر کو چمکانے کے لیے 10 روزہ زیرو ویسٹ مہم ''میرا سوہنا لاہور'' کامیابی سے جاری ہے-خصوصی صفائی مہم کے تحت شہر کے 9ٹاؤنز کو مرحلہ وار زیرو ویسٹ کرنے کے لیے خصوصی صفائی آپریشن کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیادوں پر واشنگ اور سکریپنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ زیرو ویسٹ مہم ''میرا سوہنا لاہو ر‘‘ کے حوالے سے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا کہنا ہے کہ مہم کے آغاز سے لے کر پانچویں روز تک22 ہزار ٹن سے زائد ویسٹ ٹھکانے لگایا جا چکا ہے۔
زیرو ویسٹ مہم کے دوران مختلف ٹاؤنز میں 529 اوپن پلاٹس بھی کلیئر کیے جا رہے ہیں جبکہ دوران مہم اب تک 400 سے زائد قبرستانوں میں صفائی انتظامات یقینی بنا لئے گئے ہیں۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے صفائی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے شالیمار ٹاؤن کا دورہ کیا اور شاد باغ میں صفائی کے ناقص انتظامات پر زونل آفیسر وسیم انور کو معطل کر دیاجبکہ شالیمار ٹاؤن کے ٹاؤن منیجر حسان خالد کو فائنل وارننگ جاری کی۔سی ای او بابر صاحب دین نے جی ٹی روڈ، شالیمار لنک روڈ، شاد باغ، چاہ میراں، گھوڑے شاہ میں صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔شالیمار ٹاؤن میں صفائی کے حالات بہتر بنانے کیلئے 2 دن کا الٹی میٹم دیا گیا ہے جبکہ فیلڈ میں لیٹ پہنچنے پر اقبال ٹاؤن کے زونل آفیسر عاشق، ٹاؤن منیجر شکیل واحد چوہدری کو بھی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا خصوصی مہم کے حوالے سے مزید کہنا ہے کہ لاہور میں صفائی انتظامات یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے تاکید کی ہے کہ تمام ٹاؤن منیجرز صفائی آپریشن کی نگرانی کریں،ورکرز کی حاضری کو یقینی بنائیں۔ادارے میں وہی افسران رہے گے جو پوری محنت سے اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔بابر صاحب دین نے شہریوں سے بھی گزارش کی ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے سے تعاون کریں۔ صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔