لاہور(خصوصی نامہ نگار)سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ دینی مدارس علوم و معارف کا مرکز اور ہماری اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہیں۔ معاشرے میں انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ضروری ہے کہ اکابرین اْمت کے اسلوب دعوت وتبلیغ کو عام کیا جائے۔ گزشتہ روز چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ مولانا قاری محمد حنیف جالندھری سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام امن، رواداری، محبت اور انسان دوستی کا دین ہے جس کی تعلیمات کا ابلاغ ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس علمی روایات کے امین ہیں۔ ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ ریاست محراب و منبر اور مدارس کے تقدس کی پاسبان ہے۔
مدرسہ ریفارمز وقت کا اہم تقاضہ ہے اس حوالے سے حکومت اور مدرسہ ایجوکیشن کی قیادت کی مشترکہ کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔