لاہور(خصوصی نامہ نگار)ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید علیہ الرحمہ سیمینار میں کہاگیا ہے کہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے تمام طبقات کردار اداکریں ، معاشی استحکام ،امن وامان کے قیام کیلئے قومی حکمت عملی طے کی جائے،علماء انتہاء پسندی اوردہشت گردی کیخلاف پوری قوت کے ساتھ آواز اٹھائیں۔ ملک وقوم کو آگے لے جانے کیلئے اعتدال کے ر استہ پر چلنا ہوگا۔ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید علیہ الرحمہ نے اسلام کی سربلندی اورملکی استحکام کیلئے جدوجہد کرتے ہوئے جام شہادت نوش فرمایا۔جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے اپنے خطاب میں وطن عزیز کو درپیش داخلی و چیلنجز پر خطاب کیا۔صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی جبکہ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ،شیخ الحدیث مفتی صدیق ہزاروی ،علامہ بدرالزمان قادری،علامہ محبوب احمدچشتی،مفتی محمدمدنی ودیگر مذہبی رہنمائوں نے خطاب کیا۔
نشست کے اختتام پر قاری محمدرفیق نقشبندی نے ختم پاک پڑھااور شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے ملک وقومی کی سلامتی اوراسلام کی سربلندی کیلئے خصوصی دعاکرائی بعدازاں تقریب کے شرکاء نے مفتی محمد حسین نعیمی علیہ الرحمہ اور ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہیدعلیہ الرحمہ کے مزارات پرحاضری دی اورچادرپوشی کی جبکہ اختتامی نشست ’ دستارفضلیت وتقسیم اسناد ‘‘میں 250طلبہ کو سند فراغت،مختلف میڈلز اورڈاکٹریٹ مکمل کرنے والے سابق طلبہ کواعزازی شیلڈز سے نوازا گیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہاکہ جامعہ نعیمیہ آغا ز سے اپنے طلبہ کو قدیم روایتی علوم کے ساتھ جدید عصری علوم سے آراستہ کررہاہے۔گزشتہ 70سالوں سے جیسے انداز سے نعیمی خاندان نے معاشرے کی دینی رہنمائی کی ہے وہ قابل فخر ہے۔جب بھی معاشرے کو مذہب کے حوالے سے چیلنجز درپیش ہوئے توجامعہ نعیمیہ نے اس کے مثبت حل پیش کیا ہے۔ضرورت اس امر ہے کہ اکابر کی روایات پر عمل پیرا ہوکرکے ملک وقوم کی خدمت کی جائے اور ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا جائے۔شیخ الحدیث مفتی صدیق ہزاروی نے کہاکہ جامعہ نعیمیہ جیسے ادارے مفتی محمدحسین نعیمی کی عظیم یادگارہے۔آج اہل سنت کالیبل لگا کر رافضیت کاپرچار کیاجارہاہے جوکہ افسوس ناک ہے۔علماء کرام نوجونوں کو گمراہ کن عقائد ،نظریات سے بچائیں۔علامہ بدرالزمان قادری نے کہاکہ ڈاکٹرسرفراز نعیمی شہید علیہ الرحمہ دین اسلام کی ترویج واشاعت کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے ،جس خلوص نیت کیلئے نعیمی خاندان نے دین اوراہل سنت کی خدمات سرانجام د یں اوردے رہاہے وہ قابل تحسین ہیں۔
ملک کوبحرانوں سے نکالنے کیلئے تمام طبقات کردار اداکریں:راغب نعیمی
Feb 21, 2023