لاہور(خبرنگار)لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان کی ہدایت پر چیف ٹاؤن پلانر اسدلزمان کی سربراہی میں ایل ڈی اے ٹیموں کا تجاوزات و غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ڈائریکٹر ٹاون پلاننگ زون ون سلمان محفوظ کی نگرانی میں ایل ڈی اے کے عملے نے کینال روڈ، گلشن راوی ، سمن آباد سکیم اور اولڈ مسلم ٹاؤن سکیم میں کارروائیاں کرکے متعددعمارتوں کو سیل کردیا۔کینال روڈ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بیسمنٹ کی غیر قانونی تعمیر جزوی طور پر مسمار کر دی گئی۔
سمن آباد روڈ، شمس نگر، گلشن راوی میں غیر قانونی تعمیرات ا ور دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔اولڈ مسلم ٹاؤن میں بغیر اجازت کمرشلایزیشن کرنے پر10 املاک کو سیل کر دیا گیا۔دوسری جانب ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ زون سیون عائشہ مطاہر کی نگرانی میں ایل ڈی اے کے عملے نے تاج پورہ سکیم میں کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف میگاآپریشن کر کے39 املاک سر بمہر کردیں۔نادہندگان کے خلاف یہ آپریشن تاج پورہ میں اے، بی، ڈی اور ای بلاک میں کیا گیا ۔ اے بلاک میں پلاٹ نمبر 8،9،10،13 اور 20 سے 22 تک املاک سیل کر دی گئیں۔ پلاٹ نمبر 27 ، 34،36،44،52 اور 64 پر قائم املاک سیل کر دی گئیں۔تاج پورہ بی بلاک میں 14 املاک سربمہر کی گئیںاور ڈی ، ای بلاک میں سات املاک سر بمہر کی گئیں۔نادہندگان کو بار بار نوٹسز جاری کرنے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان کی ہدایت پر ایل ڈی اے کی کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف خصوصی مہم جاری ہے۔
ایل ڈی اے ٹیموں کا تجاوزات و غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن
Feb 21, 2023