لاہور ( نیوز رپورٹر) سربراہ جنرل ہسپتال نے ذیابیطس کے مرض میں مبتلا حاملہ خواتین کا ڈیٹا مرتب کرنے کیلئے پاکستان سوسائٹی آف گائناکالوجسٹس کے ساتھ ایم او یو پر دستخط کر دئیے ہیں جس کے تحت ایل جی ایچ میں علاج معالجے کیلئے آنے والی ایسی حاملہ خواتین جو ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہوں گی اْن کا میٹرنل ڈائبیٹک رجسٹری کے نام سے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر اور پاکستان سوسائٹی آف گائناکالوجسٹس کی صدر ڈاکٹر صائمہ زبیر نے دستخط کیے جبکہ اس موقع پر ایل جی ایچ کی تینوں گائنی یونٹس کے لیڈی ڈاکٹرز بھی موجود تھیں۔
پرنسپل جنرل ہسپتال و معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے شوگر کے مرض میں مبتلا حاملہ خواتین کے اعداد و شمار جمع کرنے میں مدد ملے گی اور ایک مصدقہ ڈیٹا تیار ہوگا جو کہ نہ صرف ایسے مریضوں کے علاج معالجے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ میڈیکل ریسرچ کرنے والے نوجوان ڈاکٹرز کو خواتین میں دوران حمل ذیابیطس ہونے کی وجوہات اور محرکات کا پتہ چلانے میں مددملے گی۔