لاہور ( این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئین سے کھلواڑ شروع ہوگیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ دنیا کو ہماری بگڑتی معیشت پر تشویش ہے، امیروں کو سبسڈی دی جاری ہے اور غریبوں کا گلہ گھونٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالات سنگین ترین ہوگئے ہیں، دہشت گردی کو روک نہیں پا رہے اور مہنگائی کو کھلی چھٹی دے دی ہے، مزید تاخیر بڑے حادثے کو جنم دے سکتی ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ جب الیکشن کمیشن صدر سے مشاورت سے انکار کرے تو سمجھ لیں آئینی بحران شروع ہو گیا ہے، اللہ کے بعد عدلیہ ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ وزیر دفاع کہتے ہیں ملک ڈیفالٹ ہوچکا اور جس پٹرولیم کا سٹاک ختم ہو رہا ہے اس کا وزیر کہتا ہے کہ دیوالیہ نہیں ہوا، بھونڈے انداز میں ترکی کو امداد دی گئی۔