لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ناموس صحابہؓ واہل بیتؓ بل قومی اسمبلی کے بعد سینٹ سے بھی منظور کرائیں گے۔ اس بل پر مسلمانوں کے تمام طبقات نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔ موجودہ بل قرآن وسنت کے عین مطابق ہے۔ اس بل کے خلاف پراپیگنڈا بلاجواز ہے۔ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیؐ کے اصحابؓ و اہل بیتؓ کی عزت و تکریم ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ تاہم مٹھی بھر ناعاقبت اندیش ناجانے کس ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، صحابہ کرام و اہل بیت عظام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں متنازعہ گفتگو بند ہونی چاہیے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پارٹی کی صوبائی کا بینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ تحفظ اسلام و پاکستان لازم و ملزوم ہے۔ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والے شرپسند عناصر کو کھلی چھوٹ ریاست و مذہب سب کے جڑوں کو کھوکھلا کرنے کی سازش ہے۔ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کرکے عبرت ناک سزائیں نہ دینے سے ملک میں انتشار پھیلے گا۔ اجلاس سے مرکزی ناظم اعلی سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے بھی خطاب کیا جبکہ مولانا عبدالرشید حجازی، حافظ یونس آزاد، سید سبطین شاہ نقوی، حاجی نواز مغل، مہر عبداللہ سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
ناموس صحابہ کرامؓ و اہل بیتؓ بل سینٹ سے بھی منظور کرائیں گے: ساجد میر
Feb 21, 2023