لاہور‘ اسلام آباد (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملکی معیشت کا استحکام حاصل کئے بغیر ہم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملکی معیشت کی ترقی اور بہتری کے لئے اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ قومی سوچ اپنانے سے مسائل باآسانی حل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ تاجر برادری قومی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کی بدولت لوگوں کے لئے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروبار سے وابستہ مخیر حضرات نے گورنر ہائوس سے سیلاب متاثرین کے لیے اربوں روپے کا امدادی سامان بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کی وجہ سے کاروباری حضرات مشکل وقت سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انڈسٹری سے متعلق پالیسیاں بناتے وقت کاروباری برادری کے نمائندوں کو بھی اعتماد میں لینا چاہئے۔ انہوں نے اسلام آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے لیے زمین اور راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ مکمل کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وفد نے گورنر پنجاب کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کی دعوت بھی دی۔
گورنر پنجاب سے اسلام آباد چیمبر کے وفد کی ملاقات‘ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ مکمل کرنے کا مطالبہ
Feb 21, 2023