فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) پائما کے سابق چیئرمین شیخ اکرم پاشانے کہا کہ روزبروزبڑھتے ہوئے معاشی بحران اور بے لگام مہنگائی کے ستائے عوام کے لئے اصل ریلیف کب ملے گا؟اتحادی حکومت بھی عوام کیلئے کارگر ثابت نہیں ہورہی، ایک طرف مہنگائی کے ستائے عوام اور دوسری طرف لٹیرے حکمران ہیں، گندم، چینی اور ایل این جی کی طرح حکومت پٹرولیم بحران پر آنکھیں بند کئے ہوئے ہے، آٹے، چینی، بجلی کی قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا، تاریخ میں کبھی اتنا اضافہ نہیں ہوا۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا ہے کہ گھی اور خوردنی تیل کی قیمت میں اضافے کے بعد 10 روپے پٹرول کی کمی عملا واپس ہوچکی ہے، ایل پی جی اور گیس کی قیمت میں اضافے کے بعد نام نہاد ریلیف ہوا میں تحلیل ہوچکا ہے، عوام کو ریلیف دینا ہے تو بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ 4 روپے سے زائد اضافہ واپس لینے کا اعلان کیا جائے، خدشہ ہے کہ 10 روپے کا سیاسی ریلیف آنے والے دنوں میں ہر شہری کو سینکڑوں روپے مہنگائی کی صورت ادا نہ کرنا پڑ جائے۔شیخ اکرم پاشا کاکہنا تھا کہ جھوٹے حکومتی پیکجز کا بوجھ بھی عوام کو اٹھانا پڑے گا، ملکی تجارتی خسارہ سالانہ بنیادوں پر بڑھ کر 82 فیصد ہوگیا، گردشی قرض میں 114 فیصد سے زائد اضافہ ہوچکا ہے، تجارتی خسارہ 32 ارب ڈالر معیشت کی تباہ حالی کا بیان ہے، اس خسارے کی قیمت کو ن ادا کرے گا۔
حکومت عوام کوریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے: شیخ اکرم
Feb 21, 2023