لاہور (آئی این پی)چیئرمین ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن لاہو میاں خرم الیاس نے ادارہ شماریات کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس کے مطابق رواں مالی سال کے6ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی پیداوار میں3.68فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین سہیل اکبر،احسن منیر چاولہ وائس چیئرمین کے ہمراہ صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے جس سے اشیاء مہنگی ہونے کے باعث ملکی برآمدات کمی کاشکار ہیں انہوں نے کہا کہ آٹو موبائیکل سیکٹر کی پیداوار میں30.23فیصد ،ٹیکسٹائل کے شعبے کی پیداوا میں13.06فیصد ،لکڑی کی مصنوعات کی پیداوار میں 66.01فیصد،فارماسوٹیکل مصنوعات کی پیداوار میں،مشینری آلات کے شعبے میں47.85فیصد،تمباکو کے شعبے کی پیداوار میں23.51فیصد،، آئرن وسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں2.13،پیپر اور بورڈ کی پیداوار میں2.81فیصد،کیمکلز کے شعبے کی پیداوار میں 1.13فیصدکمی واقع ہوئی جبکہ چمڑے کی مصنوعات کی پیداوار میں 5.71فیصدکپڑے کی پیداوار میں46.61فیصد ،اور فرنیچر کی مصنوعات کی پیداوار میں105.49فیصد اضافہ بھی ریکارڈ ہوا۔انہوں نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ سے ہی ملکی برآمدات اور روزگار کے ذرائع میں اضافہ ہوگا اور ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔میاں خرم الیاس نے کہا کہ برآمدات کی بحالی اور توسیع کے سلسلہ فوری اقدامات کی ضرورت ہے اس ضمن میں پاکستانی مصنوعات کے لیے بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور بیرون ملک سفارتخانوں کو فعال کیا جائے تاکہ وہ بیرون ملک پاکستانی مصنوعا ت کی کھپت اور برآمدات میں اضافہ کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافہ کیلئے صنعتی شعبہ کو مراعات دے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ سکیں،تجارتی خسارہ میں کمی اور حکومت کی طرف سے برآمدی اہداف کے حصول کیلئے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ پاکستانی اشیاء کی بیرون ملک کھپت میں اضافہ سے برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ میں مزید کمی ہوسکے۔