اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات،انٹراکورٹ اپیلوں کی سماعت

Feb 21, 2023

اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفارق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بنچ میں زیر سماعت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق سنگل بینچ فیصلہ کے خلاف انٹراکورٹ اپیلوں میں آئندہ سماعت پر وزارت داخلہ کے ذمہ دار افسر سے جواب طلب کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران درخواستگزاران وکلاء  عادل عزیزقاضی، سردار تیمور اسلم، حسن جاوید شورش، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل  عامر رحمان،ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل، ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر جدون،ڈائریکٹر جنرل لاء الیکشن کمیشن، چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل اوردیگر عدالت پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ یونین کونسلز میں اضافے کا بل منظور کیا جاچکا ہے،صدر اب دستخط نہ بھی کریں تو پچیس فروری تک یہ بل قانون بن جائیگا۔ ڈی جی لاء  الیکشن کمشن نے کہاکہ ساٹھ دن میں ہم نے حلقہ بندیاں کرنی ہوتی ہیں، اگلی تاریخ پر ہدایات لیکر عدالت کو آگاہ کردیں گے کہ کب تک انتخابات ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے حکم دیاکہ وزارت داخلہ کی طرف ذمہ دار آفیسر آئندہ سماعت پر جواب جمع کرائے،عدالت نے کیس کی سماعت2 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔

مزیدخبریں