اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن شازیہ مری نے کہا ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل میں مالی مسائل، عوام میں آگاہی اور معاشرے میں قبولیت کا مسئلہ سرفہرست ہیں۔ یہ بات انہوں نے پیر کو پائیدار ترقی کے پالیسی اادارہ (ایس ڈی پی آئی) اسلام آباد کے زیر اہتمام زوم لنک کے ذریعے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے خواجہ سرا برادری کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے میں بندیا رانا اور ریم شریف کے کردار کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے ایس ڈی پی آئی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرڈاکٹر عابد قیوم سلہری، کی حوصلہ افزائی کرتے ہو ئے کہا کہ وہ اس موضوع پر مزید سیمینار کریں۔شازیہ مری نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی نے خواجہ سراؤں کی مالی امداد نقد رقم کی تقسیم کے ذریعے شروع کر دی ۔ خواجہ سرا اب 7000روپے کی سہ ماہی امداد کے اہل ہیں ، وزیر شازیہ مری نے کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں اور رجسٹریشن کے لیے قومی شناختی کارڈ لے کر بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل دفتر جائیں۔
بینظیرانکم سپورٹ پروگرام نے خواجہ سراؤں کی مالی امداد شروع کر دی
Feb 21, 2023