کراچی(کامرس رپورٹر) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)کے سیکرٹری اطلاعات اور فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے جنرل سیکریٹری سردار عبدالرحیم نے ملک میں بدترین مہنگائی اور حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے سنجیدہ ہے تو اسکے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانا ہونگے۔ سرکاری خزانے پر بوجھ کو کم کرنا ہوگا جس کے لئے بیرون ممالک پاکستانی سفارتکاروں کی تعیناتیاں ختم کی جائیں بیرون ممالک سفارتخانوں پر اربوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ ان سے حاصل کچھ نہیں ہے موجودہ بدترین معاشی صورتحال میں پاکستان اسکا کسی طور متحمل نہیں ہوسکتا ہے ایسا کرنے سے قیمتی زرمبادلہ بچایا جاسکے گا سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ کمزور معیشت کے حامل ملک میں کابینہ کی فوج در موج کے بجائے دس سے پندرہ وزرا و مشیران پر مشتمل کابینہ ہونی چاہئیے تاکہ اخراجات کو کم کیا جاسکے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی مختصر کابینہ ہوتی ہے لیکن اس کے برعکس پاکستان میں موجودہ وفاقی کابینہ پچاسی افراد پر مشتمل ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لئے کتنی سنجیدہ ہے۔