کراچی (کامرس رپورٹر )انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے طلبہ تنظیموں اور سماجی حلقوں کی جانب سے مسلسل مخالفت کے بعد تدریسی عمل کے بائیکاٹ کا سلسلہ ختم کردیا ہے، جس کے بعد منگل سے جامعہ کراچی میں کلاسز معمول کے مطابق لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پیر کے روز انجمن اساتذہ کے منعقدہ عمومی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تدریسی عمل کا بائیکاٹ 6 مارچ تک مئوخر کیا جارہا ہے، اگر مطالبات اور وعدے دی گئی مدت تک پورے نہ ہوئے تو پھر سے احتجاج شروع کیا جاسکتا ہے۔ انجمن اساتذہ کے ایک عہدیدار کے مطابق اجلاس میں یونیورسٹی اساتذہ کے واجبات ادا نہ کرنے پر غیر مستقل ڈائریکٹر فنانس کی فوری برطرفی اور مستقل و اہل ڈائریکٹر فنانس کے تقرر کا بھی مطالبہ کیا گیا۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں گزشتہ دو ہفتوں سے اساتذہ کی جانب سے تدریسی بائیکاٹ کا سلسلہ جاری تھا، جس سے طلبہ کا قیمتی وقت برباد ہورہا تھا جب کہ طلبہ و طالبات نے اس معاملے پر عدالت میں پٹیشن دائر کرنے کی تیاری بھی کرلی تھی۔
جامعہ کراچی،اساتذہ کا بائیکاٹ مئوخر، آج سے کلاسز لینے کا فیصلہ
Feb 21, 2023