دور حاضر میں مدارس دینیہ کی اہمیت بڑھ گئی ہے،مفتی منیب الرحمان

Feb 21, 2023


کراچی (کامرس رپورٹر)اہلسنّت وجماعت کی عظیم دینی درسگاہ جامعہ مدینۃ العلم کے مختلف تعلیمی شعبہ جات سے فارغ التحصیل طلباء وطالبات کی دستار فضیلت وتقسیم اسناد کے موقع پر جامع مسجد مدینہ ٹرسٹ میں استاذ القراء  علامہ محمداسماعیل سیالوی کے زیرصدارت عظیم الشان جلسہء معراج مصطفیٰ ﷺ کا انعقاد کیاگیا جس میں صدر تنظیم المدارس ،یادگار اسلاف مفتی ء اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان ،مبلغ اہلسنّت پیرطریقت علامہ عبدالجباراحمدنقشبندی،مفتی عبدالقادرہزاروی،مولانامحمدراشدقادری، قاری محمدبشیرچشتی،مفتی طاہر حسین قادری،قاری محمدخالد ودیگرسمیت کثیر تعداد میں علمائے کرام ومشائخ عظام اور مہتممین مدارس نے شرکت کی۔اس موقع پر تعارفی خطاب کرتے ہوئے مہتمم جامعہ مدینۃ العلم قاری محمدعبدالرزاق کرم چشتی نے کہاکہ جامعہ مدینۃ العلم اہل سنت وجماعت کی عظیم دینی درسگاہ ہے جس میں درس نظامی،تجوید وقرأت،حفظ وناظرہ، جبکہ عصری علوم کے شعبہ جات میں طلباء کے ساتھ ساتھ طالبات کو بھی زیورعلوم قرآن سے آراستہ کیاجاتاہے۔انہوں نے بتایاکہ طلباء کا قیام وطعام اور علاج معالجہ ادارے کے ذمے ہے،ہم بچوں کو اسلام کے زریں اصولوں پر تربیت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں جس سے طلباء اپنی عملی زندگی میں ایک بہترین مسلمان بن کر معاشرے کی بہتری میں اپناکرداراداکرسکیں۔مفتیء اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان نے اپنے خطاب میں جامعہ مدینۃ العلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ موجودہ دورمیں مدارس دینیہ کی اہمیت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، قوم اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرے تاکہ وہ بے راہ روی اور گمراہی سے محفوظ رہیں۔غیروں کے نظام تعلیم نے سوائے نقصان کے ہمیں کچھ نہیں دیا۔مدارس دینیہ ہی اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جہاں بچوں کواسلام کی روشن تعلیمات سے آراستہ کیاجاتاہے۔

مزیدخبریں