رحیم یار خان، بہاولپور اور گوجرہ میں شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 18 مسافر زخمی ہو گئے۔رحیم یار خان میں دھند کے باعث لیاقت پور کے قریب مسافر بس الٹ گئی جس سے 5 مسافر زخمی ہو گئے۔بہاولپور میں شدید دھند کے باعث حاصل پور روڈ پر مسافر کوچ کی ٹرالی سے ٹکر ہو گئی۔حادثے کے نتیجے میں کوچ میں سوار خواتین اور بچے سمیت 8 مسافر زخمی ہو گئے۔گوجرہ میں دھند کے باعث ٹوبہ روڈ پر مسافر بس الٹ گئی، جس کے نتیجے میں بس میں سوار 5 مسافر زخمی ہو گئے۔تمام حادثات کے زخمیوں کو بسوں سے نکال کر مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔دوسری جانب موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر وے ایم ٹو لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک دھند کے باعث بند رہی۔لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے رجانہ تک دھند کے باعث بند رہی۔موٹر وے ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک دھند کے باعث بند رہی۔کبیر والا، خانیوال اور چیچہ وطنی میں شدید دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔