این ایف سی ایوارڈ کی رقم مقامی حکومتوں کو دی جائے: متحدہ کا مطالبہ 

Feb 21, 2024

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیوایم) نے  حکومت سازی میں مسلم لیگ (ن) کو اپنی حمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے (ن)  لیگ سے گورنر شپ اور  تین نکاتی آئینی ترمیم پر حمایت بھی مانگی ہے۔  ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے واضح طور پر کہا ہے کہ سندھ میں گورنر شپ ایم کیو ایم کا حق ہے جس سے دستبردار نہیں ہوں گے۔ ایم کیو ایم نے یہ بھی کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا کوئی شوق نہیں اور ہم کسی دوسری جماعت کی طرح حکومت سازی کے لیے بلیک میل نہیں کریں گے۔ ذرائع  کے مطابق ایم کیو ایم کا پہلا مطالبہ ہے کہ این ایف سی کی رقم صوبوں کی بجائے مقامی حکومتوں کو براہ راست دی جائے۔ دوسرا مطالبہ ہے کہ مقامی حکومتوں کا تسلسل ہو۔ ایم کیو ایم کا تیسرا مطالبہ ہے کہ کوٹہ سسٹم پر ملک بھر میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ تینوں معاملات پر قانونی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ایم کیو ایم نے سندھ کیلئے گورنرشپ اور وزارتوں سے متعلق بھی مطالبات کئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)  جواب دیا کہ پی پی سے مذاکرات کی کامیابی  پر ان مطالبات پر فیصلہ ہو سکے گا۔

مزیدخبریں