سیالکوٹ‘ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار + آئی این پی) ملک کے بالائی علاقوں میں تین دن سے جاری بارشوں اور شدید برفباری کے باعث مختلف مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں جبکہ بجلی اور مواصلات کے نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔ صورتحال کے پیش نظر آزاد کشمیر کے 7 اضلاع میں امتخانات ملتوی کر دیئے گئے۔ بارش، برفباری ایک روز مزید جاری رہنے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیرمیں بارش اور برفباری کا سلسلہ تین روز سے جاری ہے۔ وادی نیلم وادی لیپہ، کرناہ سمیت پہاڑی علاقوں کی اہم سڑکیں بند ہوگئیں، پہاڑی علاقوں میں بجلی اورفون کا نظام بھی متاثر ہوگیا۔ شدید برفباری کے باعث آزاد کشمیر میں مڈل کلاسز کے امتحانات ملتوی کر دئیے گئے۔ پونچھ ڈویژن کے7اضلاع کے علاقوں میں امتحانات26 فروری سے ہوں گے۔ یاد رہے کہ وادی جہلم میں پیپر دینے جانے والا لڑکا لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگیا تھا۔ دوسری جانب ایبٹ آباد شہرمیں بارش،گلیات میں برفباری کا سلسلہ مسلسل تیسرے روز بھی جاری ہے۔ گلیات میں بجلی اور فون کا نظام متاثر ہونے کے باعث عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ گلیات میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ چھانگلہ گلی میں متعدد سیاح پھنس گئے‘ پھسلن کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ سیالکوٹ میں بارش اور ژالہ باری‘ موسم کی شدت میں اضافہ‘ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔
بالائی علاقوں میں بارش‘ برفباری‘ چھانگلہ گلی میں متعدد سیاح پھنس گئے
Feb 21, 2024