شہباز شریف عمر اور کام میں ہم سے بہت آگے، اگلی حکومت زیادہ کام کریگی: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  میو چلڈرن ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیا گیا ہے۔  ہسپتال میں بیڈز کی تعداد 360 تک بڑھا دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے استقبالیہ کاؤنٹر اور نرسنگ کاؤنٹرز کا جائزہ لیا اور مریض بچوں کے تیمارداروں کی سہولت کے لیے لگائے گئے سائن بورڈز دیکھے۔ میو چلڈرن ہسپتال بھی میو ہسپتال کے اپ گریڈیشن پلان کا حصہ ہے جس پر مجموعی طورپر 10 ارب روپے لاگت آرہی ہے۔ امیر بالاج قتل کیس کا ملزم پکڑا گیا ہے، ماسٹر مائنڈ تک پہنچنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔ ہمارا کام مکمل ہو گیا ہے، اگلی حکومت بہت زیادہ کام کرے گی اور پنجاب پہلے سے زیادہ ترقی کرے گا۔ میو چلڈرن ہسپتال اور دیگر ہسپتالوں کیلئے لفٹ خرید رہے ہیں۔ میو ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین 2017ء سے خراب تھی جسے فنکشنل کیا گیا ہے۔ صرف ہسپتالوں کی عمارتیں ہی نہیں بلکہ عدم دستیاب مشینری اور آلات بھی مہیا کئے گئے ہیں۔ پورے سال کی پرفارمنس آئندہ چند روز میں میڈیا سے شیئر کریں گے۔ غلط لوگوں کی وجہ سے مافیاز کو تقویت ملتی ہے۔ شہباز شریف میرے لئے محترم ہیں، ان کا تجربہ اور کام مجھ سے کہیں زیادہ ہے۔ شہباز شریف نے ہماری حکومت کے کام کرنے کی رفتار کو سراہا، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، شہبازشریف عمر اور کام کے معاملے میں ہم سے بہت آگے ہیں، ہمارا مقابلہ نہیں ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انشاء  اللہ سب کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ کرکٹ پہلے ہی برباد ہوچکی ہے۔ خدارا! اس میں سیاست نہ لائیں، کرکٹ کو سیاست سے نقصان پہنچتا ہے اور اس سے ملک کو نقصان ہوتا ہے۔ لہذا سپورٹس میں سیاست نہیں چلے گی اور انشاء  اللہ کرکٹ میں بہتری ہوتی نظر آئے گی۔ محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ کالج لاہورکا دورہ کیا اور پولیس ٹریننگ کالج کے سپورٹس جمنیزیم کا افتتاح کردیا۔  وزیراعلی نے انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور کے ساتھ بیڈ منٹن کھیلی۔ جم میں ایکسرسائز کیلئے جدید مشینیں رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے  کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں زیر تربیت بچیوں نے ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد فیلڈ میں جانا ہے۔ سب کو تلقین ہے کہ آپ نے ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے ہیں اور حق حلال کی روزی کمانی ہے۔ اگر آپ حق حلال کی روزی کمانے کی نیت کرلیں تو اللہ تعالیٰ رزق میں اضافے کے سو راستے اور نکالے گا۔ حق حلال کی کمائی میں برکت ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ حق حلال کی کمائی کے ذریعے اپنے خاندان اور پنجاب پولیس کا نام روشن کریں گی۔ اپنی فورس کے لئے جہاں تک جتنا ممکن ہوسکے کام کرنا ہے۔  پہلے فخر سے کہتے تھے کہ ہر تھانے کی شکل بدل دی ہے لیکن اب یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ ہر تھانے کے ساتھ پولیس کے ٹریننگ سنٹرز کی شکل بھی تبدیل کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب  محسن نقوی نے آرگنائزڈ کرائم یونٹ اقبال ٹائون کی نئی عمارت اور ماڈل تھانہ اچھرہ کا افتتاح کر دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب پولیس کی ویلفیئر کے لئے جو کر سکتے تھے کیا۔ تھانوں میں سائلین کے ساتھ اچھا سلوک ذمہ داری بھی ہے اور فرض بھی۔ ادھر  محسن نقوی نے 23فروری کو پنجاب کابینہ کا الوداعی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن