نمک کان کنی: 200 ملین ڈالر امریکی سرمایہ کاری حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس: وزیراعظم

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے  کہا کہ  خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے میں اہم کردار ہے، نمک کی کان کنی کے شعبہ میں امریکی کمپنی کی 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاس ہے، انسانی اور قدرتی وسائل پاکستان کو مستحکم، خوشحال اور ابھرتا ہوا ملک بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور امریکی فرم میریکل سالٹ ورکس کلیکٹو کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ امریکا پاکستان کا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اس معاہدے سے باہمی طور پر مفید تعاون اور دونوں ممالک اور عوام کے درمیان دوستی مضبوط ہو گی، اس معاہدے کے ذریعے نہ صرف پاکستان سے نمک کی برآمد میں اضافہ ہو گا بلکہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے یہ سنگ میل ثابت ہو گا۔ ہمارے تعاون کا دائرہ کار نمک کی کان کنی سے آگے بڑھنا اور ہمیں معدنیات کے شعبہ کی مکمل استعداد سے فائدہ اٹھانا چاہئے تاکہ وہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کا نیا محرک بن سکے، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں، ہم نے شفاف قوانین متعارف کرانے، سرمایہ کاری کیلئے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور بھرپور قانونی فریم ورک کے ساتھ سرمایہ کاروں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے جامع اقتصادی اصلاحات کی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شفافیت اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے ہمارا عزم ہمارے اقتصادی وژن کا اہم ستون ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اور فعال آبادی اور پرکشش مارکیٹ طویل مدتی منافع کے حصول کے خواہاں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا ذریعہ ہے، بیرونی سرمایہ کاری کیلئے معدنیات کے شعبہ میں اصلاحات کر رہے ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرنے، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے، غیر ضروری رکاوٹیں دور کرنے اور آسان ریگولیٹری ماحول کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے، پاکستان میں معدنیات، آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، امریکا کی معاشی ترقی دنیا کیلئے ایک رول ماڈل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ ملک کی ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہو رہا ہے۔  انہوں نے کہا کہ حکومت معدنیات کے شعبہ کی ترقی کیلئے پرعزم ہے، معدنیات کی برآمد سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔ 

ای پیپر دی نیشن