نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت بھر سے مودی سرکار کی دہقان دشمن پالیسی کے خلاف احتجاج کرنے دہلی پہنچنے والے ہزاروں کسانوں نے حکومتی تجاویز مسترد کر کے احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کسان رہنمائوں نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج مؤخر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل سے احتجاج دوبارہ شروع ہو جائے گا۔ مودی سرکار نے ملک بھر سے دہلی پہنچنے والے کسانوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے مذاکرات کا جھانسہ دیا تھا اور اپنی پرانی تجاویز ہی سامنے رکھیں جسے کسان رہنمائوں نے مسترد کر دیا۔ کسان رہنما سرون سنگھ پنڈھر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حکومت نے مکئی، کپاس اور تین مختلف دالوں کی کم از کم قیمت کا 5 سالہ منصوبہ پیش کیا جو ہمارے لیے قابل قبول نہیں۔ سرون سنگھ پنڈھر نے کہا کہ حکومت نے ہمارے حوصلوں اور عزم کو تھکانے کے لیے مذکرات کے نام پر تاخیری حربے استعمال کیے لیکن ہم مودی سرکار کے کسی جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
مکئی، کپاس کے نرخوں پر مودی سرکار کی تجاویز مسترد، کسانوں کا احتجاج جاری رکھنے کا اعلان
Feb 21, 2024