لیسکو آپریشن جاری، مزید 409 بجلی چور پکڑ لئے، گیپکو کا کروڑوں کا نادہندہ اشتہاری قرار

لاہور+ گوجرانوالہ (این این آئی+ نمائندہ خصوصی) بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے دوران گزشتہ24  گھنٹوں میں 409ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 156ملزموں کے خلاف مقدمات درج ہوئے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں 14کمرشل، 1زرعی اور 394ڈومیسٹک تھے جنہیں منقطع کرکے ان کو 3لاکھ 41 ہزار 37یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے جن کی مالیت1  کروڑ 14 لاکھ 87ہزار 1سو 39روپے بنتی ہے۔ الکریم گارڈن کے علاقے میں کنکشن کو 5لاکھ روپے، مناواں کے علاقے میں کنکشن کو 3لاکھ روپے، باٹا پور کے علاقے میں ملزم کو 3لاکھ روپے جبکہ  باٹا پور میں ہی ایک اور ملزم کو بھی 3لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی۔ دریں اثناء گیپکو کے بل بجلی کے واجبات کی عدم ادائیگی پر جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت نے ایف آئی آر میں نامزد ملزم مقامی صنعتکار شیخ محمود اقبال کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد اسے باضابطہ طور پر اشتہاری ملزم قرار دے دیا۔ گیپکو کے 47 کروڑ روپے سے زائد کے بل بجلی کی مد میں واجبات تھے جن میں سے 12 کروڑ نقد جمع کرا دیئے گئے جبکہ بل بجلی کی ادائیگی کے سلسلہ میں جاری کئے گئے چیکوں کے ڈس آنر ہونے پر مختلف ایف آئی آرز درج کروائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن