پوری قوم نے کرونا کے دوران اجتماعی کوششوں سے دنیا میں مثال قائم کی،عارف علوی

اسلا م آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پوری قوم نے کرونا کی وبا کے دوران اپنی اجتماعی کوششوں سے دنیا میں ایک مثال قائم کی ہے، اس طرح کے اتحاد کا مظاہرہ تعلیم ،صحت اور اقتصادی شعبے کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ناگزیرہے ۔ وہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام نیشنل ہیلتھ سمٹ سے خطاب کر رہے تھے ۔صدر مملکت نے کہا کہ کرونا کی وبا کے دوران جب دنیا بھر میں یہ وبا پھیل رہی تھی، پاکستان اس سے بچنے کے لیے دنیا کا تیسرا بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والا ملک بن کر ابھرا ۔ یہ سب کچھ لوگوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کی وجہ سے ممکن ہوا جنہوں نے وبائی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں میں اتحاد کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اس کامیابی نے مستقبل کے لیے ایک راستہ تیار کیا ہے جو عصری چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ہماری کوششوں میں ہماری رہنمائی کر سکتا ہے۔جسمانی صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے صدر نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ذاتی حفظان صحت کا تعلق روحانی پاکیزگی سے ہے۔ آر سی سی آئی گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہا کہ ایک مضبوط معیشت مضبوط قومی دفاع کی ضمانت دیتی ہے جو سیاسی استحکام اور پالیسیوں میں مستقل مزاجی سے حاصل ہوتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن