لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کو  سلیوٹ کرنے پر سی سی پی او کے خلاف درخواست  آئی جی کو بھجوا دی  

Feb 21, 2024

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ نے نواز شریف کی وطن واپسی پر پروٹوکول دینے اور سلیوٹ کرنے پر سی سی پی او لاہور کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست آئی جی پنجاب پولیس کو بھجواتے ہوئے قانون کے تحت فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست میں کہا گیا کہ نواز شریف سزا یافتہ مجرم اور اشتہاری تھے۔ انہیں گذشتہ برس 21 اکتوبر کو پروٹوکول دیا گیا، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سزا یافتہ شخص کو سلیوٹ کیا۔ سی سی پی او لاہور کا سزا یافتہ مجرم کو سلیوٹ کرنا پولیس رولز کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری طرف  میاں نواز شریف کی لندن سے وطن واپسی پر ان کے پوسٹر اور فلیکس آویزاں کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔ عدالت نے پوسٹر آویزاں کرنے کے لیے ڈی سی لاہور اور پی ایچ اے کا اجازت نامہ طلب کر لیا۔

مزیدخبریں