کراچی میں گیس پریشر کو بہتر بنانے کیلیے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے کاٹھور تا سرجانی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ایس ایس جی سی کے ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران منیار نے ویسٹرن ریجن کو گیس کی فراہمی کیلیے پائپ لائن منصوبے کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 14 انچ قطر اور 20 انچ قطر ڈسٹری بیوشن ACPL لائنوں میں کم پریشر کے مسائل کو حل کرنے میں مددگار ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ منصوبے سے سائٹ ایریا اور حب ٹاؤن کی بڑھتی ہوئی گیس گی طلب کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی، منصوبے سے ڈسٹری بیوشن سسٹم کی آپریشنل کارکردگی کو بہتر بنایا جائے گا۔ایس ایس جی سی کے مطابق تجویز کردہ منصوبہ آر ایل این جی گیس کو صارفین تک پہنچانے کیلیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا، سنگ بنیاد کی تقریب اٹک سیمنٹ پاور پلانٹ کے مین والو اسمبلی پر کی گئی.یہ منصوبہ 5.1 ارب روپے کی لاگت سے جون 2024 تک مکمل کر لیا جائے گا۔