اوکاڑہ (اے پی اے/ آئی این پی/ ثنا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے، کسی بھی غیرجمہوری قوت کو انتخابات سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے، ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے انتخابات کے علاوہ تمام آپشنز آئین نے بند کر دئیے ہیں، بروقت انتخابات ہی بیلٹ پیپر کا حقیقی تقدس ہیں، جسے پامال کرنے والوں کے ارادوں کو اپوزیشن جماعتوں نے متحد ہو کر ناکام بنا دیا، ماورائے آئین کسی معاہدے کی کوئی حیثیت ہے اور نہ کوئی اُسے مانے گا، رائیونڈ میں ہونے والے اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس کا اعلامیہ غیر جمہوری قوتوں کے ارادوں پر ضرب کاری ثابت ہوا، جمہوریت کے تسلسل کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے اس طرح کے رابطے جاری رہیںگے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر رانا اکرام ربانی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے حکومت سے انتخابات کی کلیئر کٹ تاریخ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ جس تاریخ تک موجودہ حکومت کی آئینی مدت ہے اس سے آگے ایک منٹ بھی حکومت کو نہیں جانے دیا جا ئے گا۔ آئندہ انتخابات پاکستان کے مستقبل کیلئے انتہائی اہم ہیں۔ عوام نے اپنے ہاتھوں سے اپنی تقدیر کا فیصلہ کر نا ہے۔ اگر عوام نے آئین اور جمہوریت کے محافظوں کو ووٹ دے دئیے تو پھر ان کے تمام مسائل شارٹ ٹر م منصوبوں کے تحت حل ہو جائیںگے۔ اب کوئی جمہوریت پر شب خون نہیں مار سکے گا۔ ملک میں حقیقی تبدیلی صرف انتخابات کے ذریعے ہی آئے گی۔ ملک کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے۔ عوام چاہتے ہیں کہ ملک موجودہ بحرانوں سے نکلے اور ترقی کے راستے پر گامزن ہو تو وہ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کرے۔ کوٹری سے ثنا نیوز کے مطابق کوٹری سے ثناءنیوز کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمران آئندہ اقتدار کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں، عوام موجودہ حکومت سے بیزار ہو چکی ہے، ملک میں مفاہمت نہیں بلکہ منافقت کی سیاست ہو رہی ہے، اصل سیاست ذاتی مفادات کے بجائے عوام کی خدمت کے لئے ہونی چاہئے، اب عوام کو اپنا فیصلہ ووٹ کے تحت کرنا ہوگا، حکومت کچھ دن کی مہمان ہے، عوام کی جان چور اور لٹیرے حکمرانوں سے جلد چھوٹنے والی ہے۔ سندھ میں دوہرے نظام کی مخالفت کرتے ہیں۔ ہالا میں حیدرآباد ڈویژن کے صدر خالد عزیز آرائیں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سندھ ہماری پارٹی کا قلعہ ہے اس کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ کریں گے کیونکہ یہاں کہ لوگ ہم سے بہت محبت کرتے ہیں، حکمران سندھ میں ہماری مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر ہمارے پارٹی رہنماو¿ں اور ورکروں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں،کراچی کے حالات نااہل حکمرانوں کے قابو سے باہر ہوچکے ہیں، سندھ میں ایک جیسا قانون نہیں، کچھ لوگوں کو صرف خوش کیا جارہا ہے ہم یہاں کے سندھی بھائیوں کے ساتھ اور اُن کی آواز سے آواز بلند کریں گے، قوم پرستوں سے اتحاد سے حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، سند ھ میں آئندہ الیکشن میں سب کو اپنی حیثیت کا پتہ معلوم ہو جائے گا۔ آئندہ انتخابات مسلم لیگ ’ن‘ جیتے گی اور ایک مرتبہ پھر حکومت بنائیں گے۔