کامران فیصل کا قتل باقی تفتیشی افسروں کیلئے تنبیہہ ہے: عمران

Jan 21, 2013


 لاہور/ مریدکے(نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومتی کرپشن بے نقاب کرنے والوں کیساتھ جو سلوک ہو رہا ہے وہ انتہائی بھیانک ہے۔ کامران فیصل کا قتل باقی تفتیشی افسروں کیلئے تنبیہہ ہے۔ چیف جسٹس کامران فیصل کا واقعہ کا نوٹس لیں۔کامران فیصل کے قتل سے پاکستان کا امیج پوری دنیا میں بری طرح متاثر ہوا ہے۔ حکومت نہیں چاہتی کہ اس کی کرپشن بے نقاب ہو۔ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کردیا جائے تو مہنگائی‘ بیروزگاری سمیت بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ انتخابات میں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کا مکمل صفایا ہو جائیگا‘ نگران حکومت پر کسی کو مک مکاﺅ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘ الیکشن کمیشن کے حوالے سے ہمارے تحفظات دور نہ ہوئے تو سونامی مارچ ہر صورت ہو گا جس کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔ وہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق تحصیل ناظم رانا انور الحق‘ علی اصغر بھلا‘ شاہین حیدر چدڑ‘ محمد اشفاق ابوالخیر‘ فیاض بھٹی‘ سعادت سہرا اور راﺅ جہانزیب سمیت دیگر سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی قیادت کے اصل چہرے قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں اور نواز شریف اپنی سیاست بچانے کیلئے کچھ بھی کرنے کو تیار ہو جاتے ہیں اور اگر ان کو کبھی مشرف کی ضرورت پڑی تو اس سے بھی اتحاد کر لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام میں جو تبدیلی کا فیصلہ آج نظر آ رہا ہے یہ آئندہ انتخابات میں تمام کرپٹ اور مفاد پرستوں کو مسترد کر دیگا اور آنیوالی حکومت پاکستان تحریک انصاف کی ہو گی۔
عمران

مزیدخبریں