میلبورن (اے پی پی) پاکستان کے اعصام الحق قریشی اور ان کے ڈچ پارٹنر جین جولین راجر شکست کے بعد آسٹریلین اوپن سے باہر ہوگئے۔ پاک ڈچ جوڑی کو پری کوارٹر فائنل میں سخت مقابلے کے بعد برازیل کے تھامز بیلوسی اور فرانس کے بینﺅٹ پیری کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جاری آسٹریلین اوپن کے ڈبلز مقابلوں کے تیسرے راﺅنڈ میں اعصام الحق اور ان کے ڈچ جوڑی دار جین جولین راجر کو کانٹے دار مقابلے کے بعد برازیل کے تھامز بیلوسی اور فرانس کے بینﺅٹ پیری کے ہاتھوں 2-1 سے شکست ہوئی، پہلے سیٹ میں پاک ڈچ جوڑی نے سخت مقابلے کے بعد 7-6 (7-5 ) سے کامیابی حاصل کی تاہم دوسرے سیٹ میں بیلوسی اور بینﺅٹ پیری نے شاندار کم بیک کیا اور 6-3 سے کامیابی حاصل کرکے میچ برابر کر دیا۔ فیصلہ کن سیٹ میں کانٹے کا مقابلہ ہوا، پہلے سیٹ کی طرح اس سیٹ کا فیصلہ بھی ٹائی بریکر پر ہوا جس میں تھامز بیلوسی اور بینﺅٹ پیری نے 7-6 (7-5) سے کامیابی حاصل کر کے چوتھے راﺅنڈ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ماریہ شراپووا، نالی اور کترینہ مکرووا نے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ عالمی نمبر پانچ اینجلیق کربر اپ سیٹ شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔ پری کوارٹر فائنل راﺅنڈ میں عالمی نمبر دو روس کی ماریہ شرا پووا نے بیلجیئم کی کرسٹن فلپکینز کو بآسانی سٹریٹ سیٹس میں شکست دے دی، شرا پووا کی جیت کا سکور 6-1 اور 6-0 رہا۔ عالمی نمبر چھ چین کی نا لی نے عالمی نمبر 18 جرمنی کی جولیا جارجز کو 7-6 (8-6 ) اور 6-1 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ایک اور میچ میں روس کی کترینہ مکرووا نے عالمی نمبر پانچ جرمنی کی اینجلیق کربر کو ناقابل توقع شکست دے کر فائنل ایٹ میں جگہ حاصل کر لی۔ کترینہ مکرووا نے سخت مقابلے کے بعد کربر کو 7-5 اور 6-4 سے زیر کیا۔سپین کے ڈیوڈ فیرر اور سوئس راجر فیڈیرر نے آسٹریلن اوپن کے کوارٹر فائنلز میں جگہ بنالی۔ خواتین مقابلوں پانچویں سیڈ جرمن انجگلیک کربر شکست کے بعد ٹورنامنٹ سے آوٹ ہوگئیں۔