شارجہ ٹیسٹ: سنسنی خیز مقابلہ‘ پاکستان نے لنکا ڈھا دی‘ سیریز برابر‘ ملک بھر میں جشن

Jan 21, 2014

 شارجہ/ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این/ خصوصی رپورٹر) پاکستانی شاہینوں نے ناممکن کو ممکن کردکھایا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد شارجہ ٹیسٹ میں سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، گرین شرٹس نے فتح کےلئے حصول کےلئے درکار 302 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، آﺅٹ آف فارم اظہر علی نے شاندار سنچری کی جبکہ کپتان مصباح الحق اور وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی۔ سری لنکن باﺅلر آخری سیشن میں ہمت ہار بیٹھے، سپنرز کا جادو بھی نہ چل سکا، پاکستانی باﺅلرز نے بھی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا، اظہر علی کو مین آف دی میچ، اینجلو میتھیوز کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ پیر کو شارجہ انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹیسٹ سیریز کے تیسرے اور آخری میچ کے فیصلہ کن دن سری لنکا نے5وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز کے ساتھ اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو آئی لینڈرز کو گرین شرٹس پر 220 کی برتری حاصل تھی، کپتان اینجیلو میتھیوز نے 14 اور پرسانا جے وردھنے نے 6 رنز کے ساتھ اننگز دوبارہ شروع کی، 189 رنز پر پاکستان کو اینجلو میتھیوز کی وکٹ کی صورت میں دن کی پہلی کامیابی ملی، جس کے بعد وقفے وقفے سے سری لنکا کے کھلاڑی پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم 214 رنز پر آﺅٹ ہوگئی، اس طرح پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے 302 رنز کا ہدف ملا۔ سری لنکا کی جانب سے پرسنا جے وردھنے نے 49، مہیلا جے وردھنے نے 46، کوشل سلوا ن 36 اور اینجیلو میتھیوز نے 31 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے عبدالرحمان نے 4 جبکہ محمد طلحہ اور سعید اجمل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے بھی شاندار کھیل پیش کیا۔ تاہم دونوں اوپنر زیادہ دیر کریز پر نہ رہ سکے۔ پہلے احمد شہزاد ایک اونچا شاٹ کھیلتے ہوئے21کے انفرادی سکور پر آﺅٹ ہوئے اس کے بعد خرم منظور کی وکٹ گری۔ خرم منظور نے اکیس رنز ہی بنائے۔ اظہر علی نے شاندار سنچری بناکر ناقدین کے منہ بند کردیئے وہ 103 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر سرفراز احمد نے48 رنز کی مختصر مگر جارحانہ اننگ کھیل کر پاکستان کےلئے جیت کی راہ ہموار کی۔ کپتان مصباح الحق بھی چٹان کی مانند ڈٹے رہے۔ انہوں نے 68 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے یونس خان نے 29 رنز کی اننگ کھیلی ۔ یوںشارجہ کے تاریخی سٹیڈیم میں ایک اور فتح کے ساتھ پاکستان نے لنکا ڈھا دی۔ فتح کے بعد ملک بھر میں شائقین کرکٹ نے تاریخی کامیابی پر جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔خصوصی رپورٹر کے مطابق کرکٹ ٹیم کی سرکی لنکا کے مقابلے میں تیسرے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر ایوان صدر سے وزیراعظم ہاﺅس، گورنر ہاﺅس سے وزیراعلیٰ ہاﺅس اور اشرافیہ سے عام آدمی تک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف گورنر چودھری سرور، وزیراعلیٰ شہباز شریف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، ق لیگ صدر شجاعت حسین، سینئر رہنما پرویز الٰہی اور مسلم لیگ فنکشنل کا مرکزی سینئر نائب صدر محمد علی درانی نے کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر ٹیم اور قوم کو مبارکباد دی ہے۔بی بی سی کے مطابق پاکستانی بیٹسمینوں نے میچ جیتنے کیلئے ریورس سوئپ کی حکمت عملی اپنائی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سرفراز احمد کو ماسٹر بلاسٹر کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ غیرمعمولی کارکردگی کا ایوارڈ مصباح الحق کے نام رہا۔ 

مزیدخبریں