نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ + آن لائن) بھارتی وزیرداخلہ سشیل کمار شندے نے کہا ہے کہ بھارت کئی عشروں سے دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہمارے ملک میں ہونے والی دہشت گردی کا مرکز پڑوسی ملک میں ہے۔ نئی دہلی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شندے نے کہا ممبئی حملے غیرمتوقع کارروائی تھی۔ بھارت میں دہشت گردی سے بڑے پیمانے پرجانی نقصان ہوا ہے۔ادھر مقبوضہ جموں میں فوجی افسرسے بھارتی آرمی چیف جنرل بکرم سنگھ نے کہا کہ ان کے ملک میں ریاستی اور عام انتخابات کے دوران عسکریت پسند رخنہ ڈالنے کی بھرپور کوشش کریں گے تاہم بھارتی فوج ان کے منصوبوں کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ سرحد پار سے دراندازی کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔ جموں میں فوجی افسروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہوشیار اور متحرک رہنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ پاکستانی آزاد کشمیر سے عسکریت پسند جو دراندازی کے خواب سجا رہے ہیں‘ انہیں پورا نہ ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کریک ڈاﺅن ہو یا تلاشی کی کارروائی‘ عوام کو کوئی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی ایک نظم و ضبط کے تحت اپنی خدمات انجام دیتے ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے دوران فوج کو انسانی حقوق کا خاص خیال رکھنے کی پہلے ہی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ریاست جموں و کشمیر میں امن و امان قائم رکھنے کیلئے خوش اسلوبی کے ساتھ اپنی خدمات انجام دیتی رہے گی۔
بھارت میں ہونیوالی دہشت گردی کا مرکز پڑوسی ملک میں ہے: سشیل کمار شندے
Jan 21, 2014