لاہور (فرخ سعید خواجہ) سندھ کے سابق وزیراعلیٰ اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ممتاز بھٹو نے سندھ کے معاملات پر مسلم لیگ (ن) کے صدر ڈاکٹر محمد نوازشریف کے وعدوں کی عدم تکمیل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل طے کرنے کیلئے سندھ نیشنل فرنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اگلا اجلاس بلانے سے پہلے سندھ کے عوام سے رابطہ مہم شروع کرکے انکے سامنے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی وعدہ خلافیوں کا کچا چھٹا کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز لاڑکانہ میں سابق سندھ نیشنل فرنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں انکی صدارت میں فیصلے کی روشنی میں انکے صاحبزادے امیر بخش بھٹو نے وزیراعظم پاکستان کے مشیر کے عہدے اور مسلم لیگ (ن) کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) سندھ کے چار نائب صدور محمد انور گجر، ایوب شر، سید حسن محمود امروتی، فقیر عنایت اور چار جوائنٹ سیکرٹری رزاق باجوہ، ڈاکٹر روشن، شہزادو بھٹو، میر ملوک تالپور بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے ہیں تاہم سردار ممتاز بھٹو سمیت عہدوں سے مستعفی ہونے والے تمام افراد نے مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ نہیں دیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں طے کیا گیا کہ سردار ممتاز بھٹو سندھ کے عوام سے فوری رابطہ مہم شروع کرینگے اور انہیں مسلم لیگ (ن) میں سندھ نیشنل فرنٹ کو ضم کرنے کی حقیقت سے آگاہ کریں گے۔ سندھ کے عوام کو ڈاکٹر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے سندھ کیساتھ روئیے سے آگاہ کیا جائیگا اور عوامی رائے حاصل کرکے سندھ نیشنل فرنٹ کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلاکر اس میں آئندہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔ ممتاز بھٹو کے دست راست انور گجر نے بتایا کہ عمران خان کی تحریک انصاف سمیت دیگر بہت سی جماعتوں کی طرف سے ہماری طرف دوستی کا ہاتھ بڑھایا گیا ہے تاہم فیصلہ اگلے مرحلے میں سندھ نیشنل فرنٹ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائیگا۔ ممتاز بھٹو نے اجلاس میں بہت جارحانہ انداز اپنایا اور اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر نواز شریف کے پاس سندھ کے معاملات لیکر گئے تھے لیکن برسر اقتدار آکر وہ بنیادی وعدوں سے مکر گئے۔ الیکشن سے پہلے علی بابا چالیس چوروں کو لٹکانے کے نعرے لگانے والوں نے ان سے نہ صرف مفاہمت کرلی بلکہ انہیں سندھ میں تحفظ دیدیا ہے جس کے باعث انہوں نے ہمارے کارکنوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں۔ ہم نے شریفوں کی توجہ بارہا اس جانب مبذول کرائی لیکن انکے کان پر جوں بھی نہیں رینگی۔
امیر بخش بھٹو نے ساتھیوں سمیت مسلم لیگ ن کی سنٹرل ورکنگ کمیٹی سے استعفیٰ دیدیا
Jan 21, 2014