حکومت طالبان سے مذاکرات کیلئے فوری قدم اٹھائے: مولانا سمیع الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جمعیت علمااسلام اور دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولاناسمیع الحق نے تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے مذاکرات پر آمادگی کی خبروںکو نہایت خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس کا خیرمقدم کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیاہے اس سمت میںفوری قدم اٹھائے جائیں کیونکہ دونوںطرف سے ہرروز بے گناہ انسانوںکا جانی ضیاع ہورہا ہے ، جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔اکوڑہ خٹک سے جاری ایک بیان میں مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاںنواز شریف سے ملاقات ومشاورت کے بعد دوسرے ہی دن میں نے اللہ تعالیٰ کی رضا‘ ملک ملت کی بھلائی اور امن وامان کی خاطر رابطے شروع کردئے اور اس کے جواب میںطالبان رہنماﺅں نے مستحکم پائیدار اور بامعنی مذاکرات سے اتفاق کیا اور اس سلسلے میںانہوںنے باہمی مشاورت بھی شروع کی۔ اس دوران وزیراعظم ہاﺅس کی طرف سے خاموشی پر اپنی تشویش کا اظہار وزیراعظم کے نام تفصیلی مکتوب میں کر دیا۔ کچھ مثبت اشارے ہمیں ملنے لگے ہیں طرفین سے اپیل کرتا ہوںکہ وہ اس دوران مکمل سیز فائر کرتے ہوئے مذاکرات کےلئے امن اوراعتماد کی فضا قائم کریں۔اس کےساتھ ہی میںایک بار پھر وزیراعظم اوردیگر مقتدر حلقوںکو خدا او ررسول کا واسطہ دےکر اپیل کرتا ہوںکہ جنگ کے ذریعہ طاقت آزمائی یا آپریشن سے ہر حالت میں اجتناب کیا جائے۔ یہ پوائنٹس سکورنگ کا وقت نہیں۔ موجودہ صورتحال میںپورے پاکستان اوراس کے اٹھارہ کروڑ باشندوںکے بقا اور سلامتی کا مسئلہ ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن