راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی آر اے بازار خودکش دھماکے میں جاں بحق ہونے والا 19 سالہ طالب علم مبشر 5بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا‘ مبشر کی خودکش دھماکے میں شہادت سے لواحقین پر صدمے کے پہاڑ ٹوٹ پڑے۔ پیر کو آر اے بازار دھماکے میں شہید ہونے والے 19 سالہ طالب علم مبشر کے اہل خانہ ہسپتال پہنچے تو مبشر کی ہلاکت کی خبر سن کر لواحقین میں کہرام مچ گیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مبشر کے والد نے کہا کہ مبشر پانچ بہنوں کے بعد پیدا ہونے والا اکلوتھا بھائی تھا روزانہ ٹیوٹا پر کالج جاتا تھا جس کے باعث دیر ہوجاتی تھی گزشتہ روز اسے دیر سے کالج پہنچنے پر وارننگ دی گئی تھی مبشر پیر کو موٹر سائیکل لے کر صبح سویرے کالج کیلئے نکل پڑا تاکہ وقت پر کالج پہنچ سکے لیکن اسے دنیا سے جانے کی جلدی تھی۔ مبشر کے والد نے کہا کہ اکلوتے بیٹے کی ہلاکت سے میری کمر ٹوٹ گئی ہے مبشر کی بہنوں پر غشی کے دورے پڑرہے ہیں تمام اہل خانہ میں کہرام برپا ہوچکا ہے۔