لاہور (نامہ نگاران) مختلف ٹریفک حادثات میں 7 افراد جاں بحق، 15 زخمی ہو گئے جبکہ نارووال میں ہلاک 5 افراد کو سپردخاک کر دیا گیا۔ بورے والا میں ویگن کو اوور ٹیک کر تے ہوئے تیز رفتار بس الٹنے سے دو افراد جاں بحق، 15سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ اڈا جملیرا سے آنے والی مسافر بس جب 267ای بی کے قریب پہنچی تو آگے جانے والی ویگن کو اوور ٹیکنگ کے دوران ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا، بس قلابازیاں کھاتی ہوئی الٹ گئی۔ 33کے بی کے خان محمد اور بستی جوئیاں والی کا نور محمد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 5 سالہ ممتاز، 3سالہ شازیہ، 4سالہ راشدہ ،5سالہ عابدہ، ناصر محمود، محمد بابر، شازیہ بی بی، زلیخاں بی بی اور محمد رمضان سمیت 15افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا داخل کر وادیا گیا۔ دو زخمیوں کی حالت نازک بیان کی جاتی ہے۔ منچن آباد میںگزشتہ روز منچن آباد سے لاہور جانے والی بس مخالف سمت سے آنے والی وین سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجہ میں ویگن میں سوار بی اے کی طالبہ مہوش ضیائ، شمیم بی بی اور ایک شخص عبداللطیف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ حادثہ میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے تاہم ہسپتال زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ چشتیاں کے نواحی گاﺅں چک نمبر 25گجیانی کے قریب رکشہ اور موٹرسائکل کے مابین تصادم کے نتیجہ میں موٹرسائیکل سوار ماں اور اسکا جواں سال بیٹا جاں بحق ہوگیا۔ وقوعہ کے وقت بشیراں بی بی اور اسکا جواں سال بیٹا عبدالحکیم موٹر سائیکل پر سوار چشتیاں کی جانب آرہے تھے اچانک سامنے سے آنے والے تیز رفتار رکشہ سے ٹکرہوگئی جسکے نتیجہ میں ماں موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ بیٹا شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لئے سول ہسپتال لایاگیا جہاں وہ زخموں تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا۔ میتیں گھر پہنچیں توگھر میں کہرام مچ گیا۔ علاوہ ازیں نارووال میں کیری ڈبہ میں سوار حادثہ کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے والے 5 افراد کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں آہوں سسکیوں، رقت آمیز مناظر میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔حادثہ پر مین بازار میں تاجروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں۔ سکھر اے پی پی کے مطابق گھوٹکی کے قریب قومی شاہراہ پر ایک روڈ حادثہ میں ایک گھرانے کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ گھوٹکی کے نیو بس ٹرمینل کے قریب نیشنل ہائی وے پر کراچی سے صادق آباد جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ اور مخالف سمیت سے آنے والی کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک گھرانے کے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے۔ جسے تشویش ناک حالت میں سکھر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سات سالہ بچہ فیاض، اختر، عبدالحمید، احسان اور ڈرائیور عبدالجبار شامل ہیں۔ پولیس نے کوچ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔