لاہور (خبرنگار) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کسی بھی عہدے یا اختیار کا بہترین مصرف اسے عوام کی فلاح اور بہتری کے لیے استعمال کرنا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت کی کسی بھی پالیسی کی کامیابی کا انحصار بیور وکریسی اور سول سرونٹ پر ہے جنہیں ان پالیسیوں پر موثر عملدرآمد کے ذریعے عوام کے مسائل کے حل اور ان کی زندگی میں بہتری لانے کے لیے ہروقت کوشاں رہنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے اکتالیسویں اے ایس پی کورس کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا جنہوں نے مطالعاتی دورے کے لیے گورنر ہاؤس کا دورہ کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک اس وقت نازک دور سے گزر رہا ہے جہاں ایک طرف تو عوام دہشت گردی اور امن و امان سے متعلق مسائل کا شکار ہیں تو دوسری طرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملکی معیشت کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔ ان حالات میں سول سرونٹ خصوصاً پولیس کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر اور موثر طریقے سے کام کرنا ہو گا۔ چودھری محمد سرور نے کہا کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے مقامی حکومتوں کے نظام کو فعال کرنا ہو گا۔