اسلام آباد(اے پی پی) نادرا نے خیبر ایجنسی کے پانچ لاکھ 97 ہزار آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا۔ خیبر ون آپریشن کے نتیجہ میں بے گھر افراد کے تین لاکھ 65 ہزار بچوں کو پولیو کے خاتمہ کے قطرے پلائے گئے۔ وزارت سیفران کے ترجمان کے مطابق پاک فوج کی طرف سے خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کے نتیجہ میں بے گھر ہونے والے افراد (آئی ڈی پیز) کی رجسٹریشن کی تصدیق کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تصدیق کا عمل مکمل ہونے کے بعد بے گھر افراد کو شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کی طرح ماہانہ بنیادوں پر نقد مالی امداد دی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق خیبر ایجنسی کے بے گھر افراد کے تین لاکھ 65 ہزار بچوں کو پولیو کے خاتمہ کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ترجمان کے مطابق بے گھر افراد کو 100 کلوگرام اشیائے خوردونوش کا پیکٹ جبکہ سردی سے بچائو کیلئے گرم کمبل بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔