شکر گڑھ/سرینگر(اے این این)بھارت ’’چوری اور سینہ زوری‘‘ کی پالیسی پر گامزن ہے،ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے،الزام پاکستان پر لگا دیا۔ذرائع کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب بھارتی فوج نے شکر گڑھ سے ملحقہ ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی تاہم اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔چناب رینجرز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی توپین خاموش کر ادیں۔بھارت کی فورسز ظفروال سب سیکٹر میں ہلکے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروںسے سول آبادی کو نشانہ بنایا۔جس کے باعث علاقے میں خوف ہراس پھیل گیا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب بھارتی سرحدی فورس(بی ایس ایف)نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی رینجرز نے سامبہ سیکٹر کے چٹا باز سرحدی پوسٹ کو نشانہ بنایالیکن بھارت نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی جواب نہیں دیا۔بی ایس ایف انسپکٹر جنرل راکیش شرما کے مطابق پاکستان کی فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس فائرنگ کے بعد بی ایس ایف نے ورکنگ باؤنڈری پر فورسز کی تعداد میں اضافہ 1200 اہلکاروں کو تعینات کر دیا راکیش شرما نے بھارتی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدوں پر بی ایس ایف کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہے اور سرحد پار کسی بھی طرح کی ملک دشمن سرگرمی کا منہ توڑ جواب دینے کی اہل ہے ۔پاکستان حد متارکہ کے بدلے بین الاقوامی سرحد وں پر اس لئے گولہ باری کر رہا ہے تاکہ کشمیر کی جانب توجہ مبذول کرائی جا سکے ۔اور معاملے کو زندہ رکھ سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بد قسمتی کے سوا اور کچھ نہیں کہ پاکستان اب شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے ۔پاکستان مقبوضہ کشمیر کے قیام امن میں رخنہ ڈالنا چاہتا ہے جبکہ جموں خطے میں اب سرحدوں پر گولہ باری شروع کی گئی ہے ۔آئی جی بی ایس ایف نے دعوی کیا کہ ر واں ماہ پاکستان کی طرف سے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنا دیا گیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ لاچنگ پیڈس پر مجاہدین موجود ہیں اور دراندازی کی تاک میں ہیں ۔ دراندازی کو روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے ۔صدر اوباما کے دورہ کے حوالے سے انہوں نے الزام لگایاکہ جب بھی کوئی خاص مہمان بھارت آتا ہے تو پاکستان گڑبڑ پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے اس لئے یوم جمہوریہ کی تقریب کیلئے بی ایس ایف پوری طرح تیار ہے ۔ اطلاع ہے کہ سرحد پار جنگجوانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس درانداز اس طرف داخل ہونے کی کوشش میں ہیں۔انہوں نے کہاکہ انٹرنیشنل بارڈر پر الٹ جاری کردیا گیا ہے ۔