اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پٹرول بحران میں میری کوتاہی ہوتی تو میں استعفیٰ دے چکا ہوتا۔ چودھری نثار بیان دینے سے پہلے حقائق معلوم کر لیتے تو بہتر جواب دیتے۔ پٹرول بحران سے عوام کو تکلیف ہوئی جس پر ندامت ہے۔ پٹرول بحران کی وجہ پی ایس او کی مالی مشکلات نہیں بلکہ معاملہ کچھ اور ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزراء کو بحران کے حوالے سے گفتگو نہیں کرنی چاہئے اگر میرا قصور ہوا تو استعفیٰ دیدوں گا، پٹرول بحران تین روز میں حل ہو جائے گا اس وقت ساڑھے 16ہزار ٹن تیل سپلائی کیا جا رہا ہے۔