اسلام آباد (اے پی پی) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیپال کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے لئے مختلف شعبوں بالخصوص ٹیکسٹائل سیکٹر میں معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں پاکستان کے نامزد سفیر برائے نیپال مظہر جاوید سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوانِ صدر میں صدر مملکت سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ چیمبر آف کامرس کراچی اور لاہور سے مشاورت کریں تاکہ ان اشیاء کا انتخاب کیا جاسکے جن کی طلب نیپال میں موجود ہے۔ صدر نے زور دیا کہ پاکستان ٹیکنیکل تعاون پروگرام کے تحت دی جانے والی امداد کو ایسے مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے جس سے سرکاری اور عوامی سطح پر ہمارے تعلقات میں مزید وسعت آئے۔ صدر نے کہا کہ پاکستان بدھ تہذیب کا گہوارہ ہے اس حوالے سے نیپالی عوام کو پاکستان میں سیاحت کی جانب راغب کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان اور نیپال کے درمیان معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے: صدر
Jan 21, 2016