یمن :سعودی فورسز کی کاروائی ڈرون حملہ 30 حوثی باغی اور 2 القائدہ کارکن ہلاک

Jan 21, 2016

ریاض +صنعا (اے پی پی+اے این پی+آن لائن) سعودی عرب کی بارڈر سکیورٹی فورسز نے یمن کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنے والے حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کم سے کم 30 حوثی باغی ہلاک کر دیئے۔بارڈر فورسز کے سربراہ نے ایک بیان میں بتایا کہ سرحدوں کی حفاظت پر مامور فورسز سرحد پار سے دراندازی روکنے کے لیے ہمہ وقت چوکس ہیں۔ فورسز پوری سرحد کی مکمل نگرانی کر رہی ہیں۔ سرحد پار سے ہونے والی کسی بھی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوتے دشمن کو بھاری نقصان پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔سعودی عہدیدار کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے دراندازی کرنے والے باغیوں کے خلاف کارروائی میں نہ صرف دشمن کو جانی نقصان پہنچایا گیا ہے بلکہ ان کے زیراستعمال کئی گاڑیوں کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔ ادھر یمنی سکیورٹی فورسز نے دارالحکومت صنعاء کے اوپر پرواز کرنے والے سعودی عرب کے جاسوس طیارے کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے ڈرون طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات واضح نہیں کی گئیں جبکہ حضرت موت صوبے میں ایک گاڑی پر ڈرون حملے میں القاعدہ کے 2 کارکن مارے گئے۔

مزیدخبریں