نئی دہلی (نیوز ڈیسک) حیدر آباد دکن کی سنٹرل یونیورسٹی کے ہاسٹل میں پی ایچ ڈی سکالر روہت ویمبولا کی خودکشی پر شہر اور نئی دہلی میں طلباءکا احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا اور مختلف سیاسی رہنما آ کر طلبہ سے اظہار ہمدردی کرتے اور مودی کابینہ کے وزراءبنگارو داتریا اور سمرتی ایرانی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ ادھر نئی دہلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی وزیر انسانی ترقی و تعلیم سمرتی ایرانی اور جونیئر وزیر بنگارو داتریہ نے کہا کہ دلت پی ایچ ڈی سکالر کی خودکشی افسوسناک ہے مگر اس معاملے کو دلت غیر دلت کشمکش کا تسلسل قرار دینا درست نہیں۔ بنگارو داتریہ نے تسلیم کیا کہ انہوں نے حیدر آباد سنٹرل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو دلت طلبہ تنظیم کے ارکان کیخلاف ایکشن پر مجبور نہیں کیا تاہم معاملے پر نوٹس لینے کیلئے 2 مرتبہ خط ضرور بھجوایا تھا۔