سلمان خان پر پھر خطرے کی تلوار لٹک گئی مہاراشٹر کی بی جے پی حکومت ”ہٹ اینڈ رن کیس“ میں بریت کو چیلنج کریگی

Jan 21, 2016

ممبئی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر میں بی جے پی کی حکومت نے سپر سٹار سلمان خان کو ’ہٹ اینڈ رن‘ کیس میں بری کرنے والے ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق قانون اور عدلیہ کے ریاستی ادارے کے ایک اہلکار نے بتایا کہ اپیل درج کروانے کے لئے سرکاری وکلا کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ اپیل ایک ہفتے کے اندر اندر دائر ہو گی۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فادنوس نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ ریاستی حکومت سلمان خان کو بری کرنے والے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی جبکہ قانون کے مطابق حکومت ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف 90 دن میں اپیل کر سکتی ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کے جج جسٹس اے آر جوشی نے گذشتہ سال 10 دسمبر کو 50 سالہ اداکار کو تمام الزامات سے بری کر دیا تھا۔ اہلکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیشن کورٹ نے مرحوم پولیس کانسٹیبل رویندر پاٹل کے بیان کا اعتراف کیا ہے جبکہ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں پٹیل کے اسی بیان کو نظر انداز کر دیا تھا جبکہ مئی 2015ءکی ابتدا میں سیشن کورٹ جج ڈی ڈبلیو ڈیشپانڈے نے اس کیس میں خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی تھی۔
سلمان خان/ خطرے کی تلوار

مزیدخبریں